
خلیج اردو
دبئی: ایشیا کپ کے شائقین کو ٹکٹ بکنگ کیلئے گیارہ گھنٹے طویل قطاروں کا سامنا کرنا پڑا۔ امارات کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ ٹکٹیں شام 5 بجے platinumlist.net پر فروخت کیلئے دستیاب ہوں گی۔
شائقین نے بڑی تعداد میں ویب سائٹ پر ہجوم کیا، جس کے باعث بکنگ سسٹم پر غیر معمولی دباؤ پیدا ہوگیا۔ شام پانچ بجے تک پندرہ ہزار افراد قطار میں موجود تھے اور ویب سائٹ پر دکھایا گیا متوقع انٹری ٹائم رات 1 بج کر 20 منٹ تھا۔
کچھ شائقین جو صرف چند منٹ تاخیر سے لاگ اِن ہوئے، بیس ہزار سے زائد لوگوں کے پیچھے پھنس گئے اور انہیں 11 گھنٹے سے زیادہ انتظار کا سامنا کرنا پڑا۔
ایشیا کپ کا سب سے بڑا مقابلہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والا ہے، جس کے ٹکٹ سات میچوں کے پیکج میں دستیاب ہیں اور ان کی قیمت 1,400 درہم مقرر کی گئی ہے۔ دیگر میچز کے ٹکٹ علیحدہ بھی خریدے جا سکتے ہیں۔
یہ دوسرا موقع ہے جب 2022 کے بعد متحدہ عرب امارات ایک مرتبہ پھر اس بڑے ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے کرکٹ کے دیوانے شریک ہوں گے۔







