متحدہ عرب امارات

اے ڈی سی بی کی بینکاری خدمات مکمل طور پر بحال، صارفین کا ڈیٹا اور اکاؤنٹس محفوظ رہے، بینک کی وضاحت

خلیج اردو
ابوظہبی کمرشل بینک (ADCB) نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے پیش آنے والی تکنیکی خرابی کے بعد اس کی تمام بینکاری خدمات مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ صارفین کا ڈیٹا، اکاؤنٹ بیلنس اور مالی معلومات ہر مرحلے پر محفوظ رہیں۔

بینک کے مطابق تکنیکی مسئلہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے پیش آیا، جس کے باعث بعض صارفین کو موبائل بینکنگ ایپ، خصوصاً ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

اے ڈی سی بی نے اپنے بیان میں کہا، "اس پورے عرصے کے دوران کسی بھی وقت صارفین کے ڈیٹا یا اکاؤنٹ بیلنس کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا۔ نہ بیلنس میں کوئی غلطی آئی اور نہ ہی صارفین کی معلومات متاثر ہوئیں۔”

بینک کے مطابق عالمی ٹیکنالوجی ماہرین اور سپلائرز کے تعاون سے اس کی ٹیموں نے چوبیس گھنٹے کام کر کے خدمات کو بحال کیا۔

اے ڈی سی بی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار روز سے اس کے بنیادی بینکاری نظام، برانچز، اے ٹی ایمز، کیش ڈپازٹ مشینیں، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ سروسز، ادائیگیوں کا نظام اور دیگر تمام صارف خدمات معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔

بینک نے مزید بتایا کہ کارپوریٹ بینکنگ خدمات تکنیکی خرابی کے دوران بھی مسلسل فعال رہیں۔

اگرچہ بیشتر صارفین کے لیے موبائل بینکنگ ایپ بحال ہو چکی ہے، تاہم Aspire ریٹیل بینکنگ کے چند صارفین کو ابھی مکمل رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔ ایسے صارفین کو انٹرنیٹ بینکنگ پلیٹ فارم استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جو پورے عرصے کے دوران بلا تعطل فعال رہا، جبکہ برانچز کے اوقاتِ کار بھی بڑھا دیے گئے تھے، جن میں ہفتہ وار تعطیل کے دن بھی شامل تھے۔

بینک نے موبائل فون پر آسانی سے استعمال ہونے والا انٹرنیٹ بینکنگ ورژن بھی متعارف کرایا تاکہ صارفین کسی بھی ڈیوائس سے محفوظ انداز میں بینکاری خدمات حاصل کر سکیں۔

اے ڈی سی بی نے صارفین سے پیش آنے والی دشواری پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ باقی رہ جانے والے معمولی مسائل بھی جلد مکمل طور پر حل کر دیے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button