
خلیج اردو
ابوظبی کی ایک عدالت نے سوشل میڈیا پر مراکش میں کم عمر لڑکیوں کی شادیوں پر اکسانے والی ویڈیو نشر کرنے کے جرم میں ایک اماراتی شہری کو تین سال قید اور 50 لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
ابوظبی وفاقی اپیل عدالت کے اسٹیٹ سکیورٹی چیمبر نے حکم دیا کہ ملزم سیف سالم سیف علی المقبالی کی تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے جائیں جبکہ متنازع ویڈیو کو بھی فوری طور پر حذف کیا جائے۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ جرم میں استعمال ہونے والا موبائل فون ضبط کر لیا جائے۔ حکام کے مطابق تحقیقات میں ثابت ہوا کہ ملزم نے ایسا اشتعال انگیز مواد پھیلایا جو نفرت، معاشرتی تقسیم اور فتنہ انگیزی کو ہوا دے سکتا تھا۔
استغاثہ کے مطابق ویڈیو میں مراکش میں کم عمر شادیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور یہ غلط دعویٰ کیا گیا کہ مراکشی قوانین اس کی اجازت دیتے ہیں، جس سے متحدہ عرب امارات اور مراکش کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
یو اے ای کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حمد سیف الشمسی نے پہلے ہی مقدمے کو فوری سماعت کے لیے عدالت بھیجنے کا حکم دیا تھا۔







