
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے کمرشل گیمنگ سیکٹر میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر جنرل کمرشل گیمنگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پہلی مرتبہ انٹرنیٹ گیمنگ اور اسپورٹس ویجرنگ کی ویب سائٹ کو باضابطہ لائسنس جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کو ملک میں کمرشل گیمنگ کے باقاعدہ آغاز کی جانب ایک بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
Play971 نے اپنی ویب سائٹ پر واضح کیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم یو اے ای میں قائم، لائسنس یافتہ اور ریگولیٹڈ ہے، جسے کوائن ٹیکنالوجی پراجیکٹس ایل ایل سی آپریٹ کر رہی ہے، یہ کمپنی ابوظبی میں رجسٹرڈ ہے اور اس کا مرکزی دفتر یاس کری ایٹو ہب ٹو فور 54 میں واقع ہے۔ جی سی جی آر اے کی ویب سائٹ پر کوائن ٹیکنالوجی پراجیکٹس ایل ایل سی کو انٹرنیٹ گیمنگ اور اسپورٹس ویجرنگ دونوں کیٹیگریز میں باضابطہ لائسنس یافتہ ادارے کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
جی سی جی آر اے کے مطابق انٹرنیٹ گیمنگ کمرشل گیمنگ کی وہ شکل ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے کمپیوٹر، موبائل فون یا دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز پر فراہم کی جاتی ہے، جس میں قسمت، مہارت یا دونوں کے امتزاج پر مبنی گیمز اور بیٹس شامل ہوتی ہیں، جن میں بنگو، کیسینو گیمز، سلاٹس، رولیٹ، بلیک جیک، پوکر، ای اسپورٹس، فینٹسی گیمز، پیئر ٹو پیئر گیمز اور اسپورٹس شامل ہیں۔ اسپورٹس ویجرنگ کے حوالے سے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس میں مختلف کھیلوں، ٹیموں یا کھلاڑیوں کی کارکردگی کے نتائج پر قانونی طور پر شرط لگائی جاتی ہے، جس میں گھڑ دوڑ، فٹبال، باسکٹ بال، کرکٹ، ٹینس اور دیگر کھیل شامل ہو سکتے ہیں۔
Play971 کی شرائط و ضوابط کے مطابق صارفین کی عمر کم از کم 21 سال ہونی چاہیے اور رجسٹریشن، رقم جمع کرانے یا گیمز کھیلنے کے وقت ان کا جسمانی طور پر یو اے ای میں موجود ہونا لازمی ہے۔ پلیٹ فارم نے واضح کیا ہے کہ جی سی جی آر اے کی جانب سے مقرر کردہ حساس جغرافیائی علاقوں سے رسائی کی اجازت نہیں ہو گی، جبکہ وی پی این یا شناخت اور لوکیشن چھپانے کے کسی بھی طریقے کے استعمال پر سروس معطل اور جیت کی رقم ادا نہیں کی جائے گی۔
پلیٹ فارم نے مالی اہلیت سے متعلق تقاضے بھی متعارف کرائے ہیں اور ذمہ دار گیمنگ کے لیے مختلف اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جن میں پلیئر کنٹرولز، کم عمر افراد کے لیے حفاظتی انتظامات اور ٹکالم جیسی بیرونی معاون سروسز تک رسائی شامل ہے، تاکہ گیمنگ کو صرف تفریحی سرگرمی تک محدود رکھا جا سکے۔
یہ جی سی جی آر اے کی جانب سے ستمبر 2023 میں قیام کے بعد جاری کیا جانے والا انیسواں لائسنس ہے، جن میں سے ایک لائسنس یو اے ای لاٹری کے آپریٹر دی گیم ایل ایل سی کو، جبکہ لینڈ بیسڈ گیمنگ سہولت کا لائسنس رأس الخیمہ میں زیر تعمیر پہلے انٹیگریٹڈ ریزورٹ وِن المارجان کو دیا گیا ہے، جبکہ باقی لائسنس گیمنگ سے وابستہ وینڈرز کو جاری کیے گئے ہیں۔
جی سی جی آر اے کے فریم ورک کے تحت صرف وہی ادارے اور افراد کمرشل گیمنگ کی سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں جو درست لائسنس کے حامل ہوں، جبکہ بغیر لائسنس گیمنگ سرگرمیوں میں ملوث ہونے والوں، بشمول صارفین، کے خلاف قانونی کارروائی اور سزائیں دی جا سکتی ہیں، اور اتھارٹی کا دائرہ اختیار لاٹری، انٹرنیٹ گیمنگ، اسپورٹس ویجرنگ اور لینڈ بیسڈ انٹیگریٹڈ گیمنگ ریزورٹس تک پھیلا ہوا ہے۔







