
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں سیکیورٹی اداروں نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ دو عرب باشندوں کی جانب سے نشہ آور گولیاں ملک کے اندر تقسیم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ حکام نے مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے بعد دونوں افراد کو گرفتار کر لیا۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں ملزمان ایک منظم بین الاقوامی نیٹ ورک کے ساتھ منسلک تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے ساتھیوں نے جرمنی کے شہر ہیمبرگ سے نشہ آور گولیوں کی کھیپ تیار کی اور اسے خفیہ طریقے سے یو اے ای کے ایک بندرگاہ پر منتقل کیا۔ ان میں سے ایک ملزم خصوصی طور پر اس مشن کے لیے وزٹ ویزے پر یو اے ای آیا تھا۔
ملزمان کے مطابق، اس نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ ملک سے باہر مقیم ہے جو پورے آپریشن کی مالی معاونت اور نگرانی کرتا ہے۔
سیکیورٹی حکام نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر دو مقامات پر چھاپے مارے۔ ایک مقام وہ تھا جہاں ملزمان منشیات اتار کر اندرون ملک تقسیم کے لیے تیار کر رہے تھے، جب کہ دوسرے مقام سے ایک بھاری تعمیراتی مشین (ایکسکیویٹر) برآمد ہوئی جس میں مزید گولیاں چھپائی گئی تھیں۔
وزارت داخلہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ ملک سے باہر موجود ملزمان کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے، اور تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے انسداد منشیات کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں مجرمانہ نیٹ ورکس کو سرحد پار جرائم سے باز رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔







