پاکستانی خبریں

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان رابطہ، خطے میں امن و استحکام پر زور

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور عالمی امن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرأت مندانہ قیادت اور مارکو روبیو کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں امریکہ کا کردار اہم اور قابل تحسین ہے۔

شہباز شریف نے بھارت کو مسئلہ جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے، دہشت گردی اور دیگر باہمی امور پر بامقصد مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن اور تعمیری انداز میں آگے بڑھنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری بحران کے پرامن حل میں پاکستان کے تعمیری کردار کا اعادہ کیا، اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی سطح پر استحکام کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات میں تجارت، توانائی اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا، اور ملک دشمن دہشت گرد گروہوں، بالخصوص بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) اور تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا، اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جبکہ گفتگو میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک عالمی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا، واشنگٹن میں صدر ٹرمپ اور پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ہونے والی جامع اور مثبت ملاقات کا بھی ذکر کیا گیا، جسے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button