متحدہ عرب امارات

یو اے ای: غیر منصفانہ کارکردگی رپورٹ ملی؟ ملازمین اسے کیسے چیلنج کر سکتے ہیں

خلیج اردو
سالانہ کارکردگی کے جائزوں کے دوران بعض ملازمین کو محسوس ہوتا ہے کہ ان کی کارکردگی کو غلط یا غیر منصفانہ انداز میں پرکھا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورت میں ملازمین کو اپنے حقوق کے تحفظ اور وضاحت کے لیے باقاعدہ اور پیشہ ورانہ طریقہ اپنانا چاہیے۔ سینئر ایچ آر ایگزیکٹو جوئے ایس ڈیسٹر کے مطابق اگر کسی ملازم کو لگے کہ اس کی سالانہ رپورٹ درست نہیں ہے تو وہ فوری طور پر اپنے ڈائریکٹ مینیجر یا ڈیپارٹمنٹ ہیڈ سے ملاقات کی درخواست کرے اور وضاحت ملنے تک رپورٹ پر دستخط نہ کرے۔

ڈیسٹر کا کہنا ہے کہ ملازمین اپنی محنت اور کارکردگی کے ثبوت بھی پیش کر سکتے ہیں، جن میں شکریے کے خطوط، پروجیکٹ رپورٹس یا کوئی سرکاری دستاویز شامل ہوسکتی ہے۔ اصل رپورٹ کو چیلنج کرنے والوں پر ہی ثبوت فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

اگر کمپنی میں کوئی گریونس یا اپیل کمیٹی موجود ہے تو ملازم اپنا اعتراض باضابطہ طور پر وہاں جمع کر سکتا ہے۔ ملازمین کسی غیر جانب دار افسر سے بھی دوبارہ جائزے کی درخواست کر سکتے ہیں، خاص طور پر اگر ان کا کام مختلف ٹیموں یا بیرونی فریقوں کے ساتھ رابطے کا تقاضا کرتا ہو۔ ماہرین کے مطابق شکایت ہمیشہ مہذب انداز میں کی جائے، فارمل ای میل کے ذریعے وضاحت طلب کی جائے اور ایچ آر کو بھی اس میں شامل رکھا جائے۔

ڈیسٹر کے مطابق ملازم کی ایسی کامیابیاں بھی قابلِ غور ہوتی ہیں جو ملازمت کے بنیادی ڈسکرپشن کا حصہ نہ ہوں لیکن متعلقہ منصوبوں یا کاروبار پر مثبت اثر ڈالتی ہوں۔ جبکہ اضافی سرگرمیوں کو علیحدہ طور پر دستاویزی شکل دے کر پیش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیجر اور ملازم کے درمیان کارکردگی سے متعلق اختلاف کی صورت میں تحریری شواہد ہی اصل اہمیت رکھتے ہیں تاکہ رپورٹ میں دیے گئے گریڈ اور تبصروں میں کسی قسم کا تضاد نہ ہو، مثلاً ’’ایکسِلینٹ‘‘ ریٹنگ کے باوجود وارننگز جاری ہونا۔

جینی ریکروٹمنٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکی ولسن نے کہا کہ ملازمین کی کارکردگی کو ہمیشہ جامع انداز میں دیکھا جاتا ہے۔ ریکروٹمنٹ انڈسٹری میں ریونیو اہم ہوتا ہے لیکن یہ واحد معیار نہیں۔ کمپنی ملازمین کی مصروفیت، رویہ، پیشہ ورانہ ترقی، ٹیم کلچر میں کردار، اور کلائنٹس کے ساتھ تعلقات کو بھی اہمیت دیتی ہے۔ ان کے مطابق اچھا ٹیم پلیئر پوری ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے، اسی لیے جائزے صرف اعداد و شمار تک محدود نہیں ہوتے۔

نکی ولسن کا کہنا ہے کہ ملازمین کی کارکردگی جانچنے کے لیے ریونیو، مالی ترقی، ہائبرڈ ورک میں نظم و ضبط، کام کا معیار، مستقل مزاجی، اور تبدیلی کے ساتھ ایڈجسٹ ہونے کی صلاحیت شامل ہیں۔ سینئر مینجمنٹ پورے سال ملازمین کے مینیجرز کے ساتھ مل کر ان کی مضبوطیاں، کمزوریاں اور پیش رفت کا جائزہ لیتی ہے۔ ملازمین کو ان کی سالانہ ریویو سے ایک ماہ پہلے آگاہ کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ خود بھی جائزہ لے سکیں۔ ہر سال جنوری میں کمپنی بھر میں گول سیٹنگ ورکشاپ بھی منعقد ہوتی ہے تاکہ ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button