متحدہ عرب امارات

ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کی سالانہ حکومتی میٹنگز کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا

ابوظہبی: خلیج اردو
ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کی سالانہ حکومتی میٹنگز کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں مختلف سرکاری اداروں کے 500 سے زائد اعلیٰ حکام اور رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی زیرِ صدارت 4 سے 6 نومبر تک منعقد ہوگا۔

وفاقی کابینہ کے امور کے وزیر محمد القرقاوی نے بتایا کہ رواں سال کے اجلاس کا ایجنڈا خاندانی اقدار، قومی شناخت، صحت، معیشت، سرمایہ کاری اور مصنوعی ذہانت کے استعمال جیسے اہم موضوعات پر مرکوز ہے۔ اجلاس کے پہلے روز "ایکانومک ڈیٹا ریٹریٹ” کے عنوان سے ایک خصوصی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں فیصلہ سازی کے لیے معیاری ڈیٹا کے بہتر استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پہلی مرتبہ سرکاری اداروں کے درمیان بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ مشقیں بھی ہوں گی۔ وزارتی ترقیاتی کونسل اور پانچ ایگزیکٹو کونسلز کے درمیان ملاقاتیں ہوں گی، جبکہ ایک اہم نشست میں سرکاری و نجی شعبوں کے رہنماؤں کے درمیان مکالمہ بھی ہوگا۔

ایجنڈے میں 40 سے زائد مرکزی سیشنز شامل ہیں جن میں ولی عہد فجیرہ شیخ محمد بن حمد الشرقی کی زیرِ صدارت قیادت پر مباحثہ، شیخ زاید بن حمد النہیان کی زیرِ نگرانی منشیات کے خلاف قومی اقدامات کا جائزہ، اور صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش کا "عالمی منظرنامہ اور متحدہ عرب امارات کا بیانیہ” کے عنوان سے خصوصی سیشن شامل ہیں۔

مزید براں، اجلاس میں قومی رہائشی منصوبوں، صحت کے شعبے کی کارکردگی، ٹریفک کے جدید حل، اور خودمختار سرمایہ کاری پر کلیدی اجلاس ہوں گے۔ مبارک گروپ کے سی ای او خالدون المبارک متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری اور شراکت داریوں کے اثرات پر گفتگو کریں گے، جبکہ ڈاکٹر محمد الکویتی سائبر سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

’پلس آف دی نیشن‘ کے تحت اماراتی خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پالیسیوں پر بات چیت کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والی یونین ٹیموں، ثقافت و تخلیق کے انعام یافتگان، اور دوسری یو اے ای اے آئی ایوارڈ کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

یہ میٹنگز 2017 میں شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایت پر شروع کی گئیں تاکہ وفاقی اور مقامی سطح پر تمام حکومتی ادارے ایک متحد وژن کے تحت قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کر سکیں۔

UAE Government Annual Meetings begin in Abu Dhabi

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button