
خلیج اردو آن لائن:
متحدہ عرب امارات نے کورونا کے خلاف جنگ میں ایک اور سنگ میل حاصل کر لیا۔ یو اے ای میں فی 100 افراد کورونا ویکسین لگائے جانے کی شرح 100 فیصد تک پہنچ گئی۔
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی 1 لاکھ 11 ہزار 176 خوراکیں لگائی گئیں۔ جس کے ساتھ اب تک لگائی جانے والی کل خوراکوں کی تعداد 9 اشاریہ 9 ہوگئی ہے۔
منگل کے روز ایک اعلی عہدیدار کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں اس وقت 3 اشاریہ 8 ملین افراد کو مکمل طور پر کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
مزید برآں، یو اے ای حکام کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیا گیا ہے کہ جن افراد نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی حکومت ایسے افراد کی نقل و حرکت پر پابندی لگانے کے بارے میں غور کر رہی ہے۔ اس پابندی میں ان افراد کے متعدد مقامات میں داخلے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
منگل کے روز نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ایک اعلی عہدیدار کا پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا ” ویکسین لگوانے میں تاخیر یا گریز کرنا پورے معاشرے کو خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ کمزور افراد کے بیماری سے متاثر ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوتا”۔
Source: Khaleej Times