خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر ٹیکس چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق سرمایہ کاری پر یو اے ای کو ٹیکس چھوٹ 3 سے 5 سال تک کے لیے دی جا سکتی ہے، مجموعی طور پر 20 سے 25 ارب روپے تک کی ٹیکس چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کی جانب سے درآمدی مشینری، درآمدی پارٹس اور انکم ٹیکس چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے اور ٹیکس چھوٹ دینے سے متعلق تجاویز تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے ہیلتھ کیئر، زرعی شعبے اور انرجی انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ گیس، ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور متبادل انرجی کے ذرائع میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
یو اے ای مجموعی طور پر پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور اس حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو فون کر کے ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔