
خلیج اردو: متحدہ عرب امارات میں یومِ شہداء کے موقع پر قوم اپنے اُن بہادر فرزندوں کو سلام پیش کر رہی ہے جنہوں نے وطن، قیادت اور پرچم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ اس موقع پر یو اے ای کی مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے شہداء کی قربانیوں پر گہرے فخر اور تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا جذبہ ہمیشہ آنے والی نسلوں کے دلوں میں روشن رہے گا۔
وزیرِ مملکت برائے دفاع امور محمد بن مبارک بن فاضل المزروعی نے کہا کہ ہمارے شہداء نے اپنی ابدی قربانیوں سے تاریخ کے صفحات روشن کر دیے۔ انہوں نے حق کے دفاع، ضرورت مندوں کی مدد اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہو کر وہ مثال قائم کی جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانیں اُن عظیم اقدار کے لیے قربان کیں جو ہماری دانشمند قیادت نے ہمارے دلوں میں راسخ کی ہیں۔
چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل انجینئر عیسیٰ سیف بن عبلان المزروعی نے یومِ شہداء کے موقع پر کہا کہ اس دن کا مقصد ان بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے وطن کے تحفظ اور اس کی کامیابیوں کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ دن وفاداری، وابستگی، بہادری اور عزم کے اُن اعلیٰ اصولوں کی علامت ہے جن کی بہترین مثال ہمارے شہداء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہمیشہ اُن سپوتوں پر فخر کرتی رہے گی جنہوں نے خود کو ملکی سالمیت کے لیے وقف کر دیا۔
وزارتِ دفاع کے انڈر سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل انجینئر ابراہیم ناصر العلاوی نے کہا کہ یومِ شہداء ایک مقدس قومی موقع ہے جس کا مقصد شہداء کی بہادری کو اجاگر کرنا اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اُن اقدار کی یاد دلاتا ہے جو ان عظیم شہداء نے پیش کیں—وفاداری، قربانی اور خدمت۔ یہی وہ جذبے ہیں جن سے یو اے ای ہمیشہ سربلند اور عزت مند رہے گا اور اس کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔







