
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مسلسل بارشوں اور خراب موسم کے پیش نظر حکام نے شہریوں کے لیے سخت حفاظتی ہدایات اور جرمانوں کا اعلان کر دیا ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق نئی بادلوں کی لہر مغرب سے داخل ہو کر ابو ظہبی اور الظفرہ کے علاقوں کو متاثر کرے گی۔
حکام نے شہریوں کو خاص طور پر نشیبی علاقوں، وادیوں اور سیلابی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ رفتار کم رکھیں، گاڑیوں کے درمیان فاصلہ برقرار رکھیں، ہیڈلائٹس استعمال کریں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔
وزارت داخلہ یو اے ای کے مطابق بعض خلاف ورزیوں پر سخت جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ سیلابی وادیوں میں داخل ہونے پر 2000 درہم جرمانہ، 23 ٹریفک پوائنٹس اور 60 دن کیلئے گاڑی ضبط کی جا سکتی ہے، جبکہ خطرناک مقامات پر ہجوم لگانے یا امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے پر بھی جرمانے مقرر ہیں۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ شہری سمندر، پہاڑی علاقوں اور بارش کے دوران درختوں یا بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ ابوظہبی ڈیپارٹمنٹ آف انرجی نے بجلی کے کھمبوں اور کھلی تاروں سے دور رہنے کی تنبیہ بھی کی ہے۔
گھروں میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جن میں نکاسی آب کے نظام کی صفائی، برقی کنکشن محفوظ بنانا اور چھتوں یا بالکونی میں موجود ڈھیلی اشیاء کو ہٹانا شامل ہے۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صورتحال کے مطابق سرکاری اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی حالت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سخت ہدایات اور جرمانوں کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، خصوصاً ایسے موسم میں جب معمولی لاپرواہی بھی بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔







