متحدہ عرب امارات

دہشتگردوں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، یو اے ای کا دوٹوک مؤقف، امریکی تعلقات پر تنقید مسترد، ایران کی کارروائیوں کو خطے کیلئے بڑا خطرہ قرار دے دیا گیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے واضح اعلان کیا ہے کہ یو اے ای “کبھی بھی دہشتگردوں کے دباؤ میں نہیں آئے گا”۔ یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس وقت سامنے آیا جب ایک سابق فرانسیسی سفارتکار نے امریکا کے ساتھ اماراتی تعلقات پر سوال اٹھایا۔

فرانسیسی سابق سفیر جیرارڈ آرو نے یو اے ای کی سکیورٹی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کے ساتھ تعلقات مزید گہرے کرنا خطے کو تنازع میں دھکیل سکتا ہے۔

اس سے قبل یو اے ای صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی جارحیت نے خلیجی خطے کی سکیورٹی حکمت عملی کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میزائل، ڈرون اور دھمکی آمیز بیانات ایران کی جانب سے ہیں، جس کے نتیجے میں خلیجی ممالک اپنی دفاعی صلاحیتیں اور امریکا کے ساتھ شراکت داری مزید مضبوط کر رہے ہیں۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی حالیہ دنوں میں زخمی شہریوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ یو اے ای ایک مضبوط اور ثابت قدم ریاست ہے جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی اور پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ ابھرے گی۔

یو اے ای کی وزارت دفاع کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران ملک کے جدید دفاعی نظام نے سینکڑوں بیلسٹک میزائلز اور ڈرونز کو ناکام بنایا، جبکہ متعدد حملوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ یو اے ای سفارتی حل اور کشیدگی میں کمی کا حامی ہے، تاہم اپنی خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یو اے ای کی قیادت کے سخت بیانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود امارات اپنی سکیورٹی پالیسی پر کسی دباؤ کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button