
خلیج اردو
ابوظہبی: وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ امارات روڈ کی توسیع اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت راس الخیمہ سے ام القوین اور شارجہ کے راستے دبئی آنے جانے والے مسافروں کا سفر کا وقت تقریباً 45 فیصد کم ہو جائے گا۔
750 ملین درہم لاگت سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ دو برس میں مکمل ہوگا، جس کے تحت 25 کلومیٹر طویل حصے پر سڑک کو تین سے بڑھا کر پانچ لینز کیا جائے گا۔ یہ توسیع البدع انٹرچینج سے ام القوین تک ہوگی، جس سے سڑک کی گنجائش 9 ہزار گاڑیاں فی گھنٹہ تک بڑھ جائے گی جو موجودہ استعداد سے 65 فیصد زیادہ ہے۔
منصوبے میں انٹرچینج نمبر 7 کی ترقی بھی شامل ہے، جہاں چھ سمتوں پر مشتمل پل تعمیر کیے جائیں گے جن کی کل لمبائی 12.6 کلومیٹر ہوگی اور گنجائش 13 ہزار 200 گاڑیاں فی گھنٹہ ہوگی۔ اس کے علاوہ دونوں اطراف 3.4 کلومیٹر طویل سروس روڈز بھی بنائے جائیں گے۔
وزارت کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنائے گا بلکہ رش اور ٹریفک جام سے پیدا ہونے والے اخراجات اور ماحولیاتی آلودگی کو بھی کم کرے گا، ساتھ ہی تجارتی سرگرمیوں اور امارات کے درمیان سامان اور خدمات کی ترسیل میں بھی سہولت پیدا کرے گا۔
یوسف عبداللہ، اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے فیڈرل انفراسٹرکچر پروجیکٹس نے کہا کہ "یہ منصوبہ محض ایک سڑک کی توسیع نہیں بلکہ جدید، مؤثر اور پائیدار وفاقی سڑک نیٹ ورک کی تعمیر کی طرف ایک اہم قدم ہے جو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور معیشت کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔”







