
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں مقیم بنگلہ دیشی شہریوں کو افواہوں سے گمراہ نہ ہونے اور سوشل میڈیا پر خبریں شیئر کرتے وقت محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بنگلہ دیشی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ بعض آن لائن پلیٹ فارمز پر ویزہ پابندی سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
بنگلہ دیش کے سفیر طارق احمد کے مطابق سوشل میڈیا اور چند ویب سائٹس پر گردش کرنے والی یہ خبریں کسی بھی اماراتی حکومتی ذریعے سے منسوب نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای کے متعلقہ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
سفارتخانے نے کہا کہ "بنگلہ دیشی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد خبروں سے متاثر نہ ہوں اور انہیں شیئر کرنے سے گریز کریں۔”
اعداد و شمار کے مطابق اس وقت تقریباً 8 لاکھ 40 ہزار بنگلہ دیشی شہری یو اے ای میں مقیم ہیں جو کل آبادی کا 7.4 فیصد ہیں۔ وہ بھارتی اور پاکستانی شہریوں کے بعد سب سے بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہیں اور مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اماراتی قوانین کے تحت سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے یا افواہیں عام کرنے والوں کو سخت سزاؤں اور جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سفارتخانے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ معلومات صرف مصدقہ ذرائع سے حاصل کریں اور غیر مصدقہ رپورٹس کو آگے نہ پھیلائیں۔







