
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں جاری موسمِ سرما کے دوران اب تک کا سب سے کم درجۂ حرارت ریکارڈ کر لیا گیا، جہاں راس الخیمہ کے جبل جیس میں آج علی الصبح درجۂ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق کم ترین درجۂ حرارت صبح 5 بج کر 45 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی جنوری کے دوسرے نصف میں شدید سردی کی لہر کی پیش گوئی کی تھی۔
آج صبح مختلف علاقوں میں ریکارڈ ہونے والے کم ترین درجۂ حرارت درج ذیل رہے:
جبل جیس: 0.2 ڈگری (5:45 صبح)
میبرہ ماؤنٹین: 3.1 ڈگری (5:15 صبح)
جبل الرحبہ: 3.2 ڈگری (6:45 صبح)
رکنہ: 4 ڈگری (7:15 صبح)
جبل حفیط: 6.7 ڈگری (5:30 صبح)
یہ پہلی بار نہیں کہ یو اے ای میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی ہو۔ سال 2021 میں بعض علاقوں میں درجۂ حرارت صفر سے بھی نیچے چلا گیا تھا، جہاں رکنہ میں منفی 1.7 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔
تاہم ملک کی تاریخ کا سب سے کم درجۂ حرارت منفی 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو 3 فروری 2017 کو جبل جیس پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی سال 4 فروری کو بھی درجۂ حرارت منفی 3 ڈگری تک گر گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 2009 میں جبل جیس کی چوٹی پر پانچ کلومیٹر سے زائد علاقے میں برف باری بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔







