
خلیج اردو
ابوظہبی: آن لائن گیم پلیٹ فارم روبلوکس کے صارفین اب متحدہ عرب امارات میں گیم کے دوران چیٹ فیچر استعمال نہیں کر سکیں گے۔ ٹیلی کمیونی کیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (TDRA) اور روبلوکس کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ ہفتوں میں عمان، کویت اور قطر سمیت خطے کے کئی ممالک میں اس گیم پر ضابطے نافذ کیے گئے، اس سے قبل چین اور ترکی بھی اس پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق، روبلوکس نے عارضی طور پر چیٹ سمیت تمام کمیونیکیشن فیچرز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یو اے ای کے ایک صارف نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ گیم میں لاگ ان کرنے پر پیغام ملا کہ ’’آپ کے ریجن یا سیٹنگز کی وجہ سے چیٹ دستیاب نہیں‘‘۔ کچھ دیر بعد گیم میں چیٹ آئیکون ہی غائب ہو گیا۔
ٹی ڈی آر اے اور روبلوکس نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمی پر نظر رکھیں، ان سے گیم کے محفوظ استعمال پر بات کریں اور مسائل یا شکایات براہِ راست رپورٹ کریں۔
مقامی ماہرین کے مطابق، والدین اگر بچوں کے لیے وقت کی حد مقرر کریں اور اضافی حفاظتی فیچرز کو فعال کریں تو ان کے آن لائن تجربات محفوظ رہ سکتے ہیں۔ سائبر سکیورٹی کمپنی کاسپرسکی نے خبردار کیا ہے کہ آن لائن چیٹ اور فورمز بچوں کو سائبر بُلنگ، ہراسانی اور نامناسب مواد جیسے خطرات سے دوچار کرتے ہیں۔
لومی ڈاٹ می (Lumii.me) کی شریک بانی لورا ٹرسٹرم نے والدین کو مشورہ دیا کہ صرف دس منٹ نکال کر بچوں کے اکاؤنٹس محفوظ بنائیں، جیسے کہ ایج فلٹر لگانا، پن کوڈ انسٹال کرنا، صرف دوستوں تک چیٹ محدود کرنا، دوہری توثیق (2FA) فعال کرنا، اور حقیقی نام یا تصاویر کی بجائے نیوٹرل گیمر ٹیگ استعمال کرنا۔
اتھارٹی نے کہا کہ وہ روبلوکس کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھے گی تاکہ متحدہ عرب امارات کے تمام صارفین خصوصاً بچوں کے لیے ایک محفوظ، بااعتماد اور مثبت ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔







