متحدہ عرب امارات

گرمیوں میں شدت: متحدہ عرب امارات میں ایکزیما کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے باعث جلدی بیماری ایکزیما کے مریضوں کی تعداد میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین جلد کے مطابق 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت، پسینہ، نمی اور ایئرکنڈیشنڈ ماحول ایکزیما کے بڑھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سرکاری صحت پورٹل "وقایہ یو اے ای” کے مطابق ملک میں ایکزیما ہر چوتھے نوجوان (24 فیصد) اور ہر دس میں سے ایک بالغ (11 فیصد) کو متاثر کر رہی ہے، جس سے ان کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

چالیس سالہ شلپا شرما نے بتایا کہ وہ ہر سال گرمیوں میں گردن پر سرخ خارش کا سامنا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا، "یہ صرف خارش نہیں، نیند متاثر ہوتی ہے، مخصوص کپڑے نہیں پہن سکتی، اور خوداعتمادی پر اثر پڑتا ہے۔ مجھے اب اندازہ ہو گیا ہے کہ یہ گرمی اور نمی سے پیدا ہونے والا ایکزیما ہے۔”

اسی طرح دبئی کی رہائشی مجد خوری نے کہا، "ڈھیلے کپڑے پہنتی ہوں، ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں رہتی ہوں، لیکن خارش سے بچنا مشکل ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ زیورات اور سن اسکرین بھی الرجی کا سبب بن جاتے ہیں۔”

ماہرین جلد کیا کہتے ہیں؟

شارجہ کے آستر کلینک کی اسپیشلسٹ ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر راگنی راجن کے مطابق، "گرمیوں کے آغاز سے ہی ایکزیما کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بچوں میں ‘ایٹوپک ایکزیما’ اور بڑوں میں ‘سویٹ رٹینشن سنڈروم’ عام ہے۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ گردن، کہنیوں، گھٹنوں اور اندرونی رانوں جیسے حصے متاثر ہوتے ہیں جہاں پسینہ زیادہ آتا ہے۔ مسلسل خارش سے زخم اور رطوبت بہنے کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔

ابوظہبی کے برجیل میڈیکل سینٹر کی ڈاکٹر رواند بدران نے کہا، "گرمی اور رطوبت کے ساتھ باہر کا ماحول اور ایئرکنڈیشنڈ کی ٹھنڈی خشک ہوا جلد کی قدرتی حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچاتی ہے۔ اس سے جلد میں نمی برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔”

ماہرین کے مشورے: ایکزیما سے بچاؤ اور علاج

  • نہانے کے بعد بغیر خوشبو والے موئسچرائزر بار بار استعمال کریں، خاص طور پر ceramide-based مصنوعات کو ترجیح دیں۔

  • روئی کے ہلکے اور کھلے کپڑے پہنیں تاکہ پسینے سے بچا جا سکے۔

  • گرم پانی کے بجائے نیم گرم پانی سے مختصر مدت کے لیے نہائیں۔

  • عام صابن کی بجائے pH-balanced کلینزر استعمال کریں۔

  • ایئرکنڈیشنر کو زیادہ کم کرنے کی بجائے پنکھے یا ایئر پیوریفائر سے کمرے کی نمی متوازن رکھیں۔

  • سوئمنگ سے پہلے barrier cream کا استعمال کریں تاکہ کلورین سے جلد کو تحفظ ملے۔

  • پانی کا زیادہ استعمال جلد کی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

  • اندرونی ماحول کو صاف رکھیں، خاص طور پر دھول، پالتو جانوروں کے بال اور پھپھوندی سے بچاؤ ضروری ہے۔

ڈاکٹر سارا یاکووو کا کہنا تھا کہ "مسلسل جلد کی دیکھ بھال اور حفاظتی اقدامات سے گرمیوں میں ایکزیما کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔”

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button