
خلیج اردو
کراچی: معروف سٹائلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ خاور ریاض نے کہا ہے کہ کئی اداکارائیں غیر ضروری میک اپ سے اپنی قدرتی خوبصورتی کو چھپا دیتی ہیں، حالانکہ حسن جب سادہ اور فطری انداز میں سامنے آئے تو زیادہ نکھر کر نظر آتا ہے۔
ایک انٹرویو میں خاور ریاض نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں کچھ اداکارائیں قدرتی طور پر بہت خوبصورت ہیں، لیکن جب وہ زیادہ میک اپ کرتی ہیں تو ان کا اصل حسن دب جاتا ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ بعض اوقات تو دل چاہتا ہے کہ ایسی اداکاراؤں کا چہرہ دھلوا دوں تاکہ ان کی اصل خوبصورتی سامنے آ جائے۔
خاور ریاض نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ جب وہ کسی کا میک اپ کریں تو اس کے چہرے کی قدرتی خوبصورتی کو نمایاں کریں، نہ کہ اسے چھپائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت اندر سے کمزور محسوس ہوتا ہے جب انہیں کسی چہرے کو مکمل طور پر تبدیل کرنا پڑے۔
خاور ریاض سے متعلق یہ قیاس آرائیاں بھی کی گئی تھیں کہ انہوں نے اداکارہ منال خان کا میک اپ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب منال خان شوبز انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھیں تو وہ پہلے ہی اتنی خوبصورت تھیں کہ انہیں میک اپ کی ضرورت نہیں تھی، اسی لیے انہوں نے انکار کیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منال خان ایک فوٹو شوٹ کے لیے آئیں، تو انہوں نے ان کا بغیر بتائے فوٹو شوٹ مکمل کر لیا۔ منال کو لگا کہ صرف ٹیسٹ شوٹ ہو رہا ہے، لیکن جب انہیں بتایا گیا کہ شوٹ مکمل ہو چکا ہے اور تصاویر دکھائیں تو وہ حیران بھی ہوئیں اور خوش بھی، کیونکہ وہ تصاویر انہیں پسند آئی تھیں۔






