متحدہ عرب امارات

رمضان میں مہنگائی کا سوچنے والے ہو جائیں ہوشیار،رمضان 2026 میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر سخت نگرانی کا اعلان

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ معیشت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان 2026 کے دوران بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزارت کے مطابق رمضان کی تیاریوں کے سلسلے میں قیمتوں کی کڑی نگرانی کی مہم جاری رہے گی تاکہ کسی بھی غیر ضروری اضافے کو روکا جا سکے۔

حکام کے مطابق جن 9 بنیادی اشیاء کی نگرانی کی جا رہی ہے ان میں کوکنگ آئل، انڈے، ڈیری مصنوعات، چاول، چینی، پولٹری، دالیں، روٹی اور گندم شامل ہیں۔

بدھ کے روز میڈیا بریفنگ میں وزیرِ معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ “یہ مہم پورے رمضان کے دوران جاری رہے گی اور روزانہ کی بنیاد پر انسپیکشن کی جائے گی۔”

وزارت نے گزشتہ سال نئی پرائسنگ پالیسی متعارف کرائی تھی جس کے تحت ریٹیلرز دو قیمتوں میں اضافے کے درمیان کم از کم چھ ماہ کا وقفہ رکھنے کے پابند ہیں، تاکہ صارفین کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مزید برآں، ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا گیا ہے جو ان نو بنیادی اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی کرتا ہے اور وزارت کی پیشگی منظوری کے بغیر قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں دیتا۔ وزیر کے مطابق گزشتہ ایک سال میں پلیٹ فارم پر 377 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے تقریباً 30 فیصد کو حل کر لیا گیا۔

عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ وزارت روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تجزیہ کرے گی اور اگر غیر معمولی اضافہ ہوا تو اسے درست کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قیمتوں میں اضافے سے متعلق شکایات ٹول فری نمبر 8001222 یا ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے درج کروائیں۔ ان کا کہنا تھا، “ذمہ دارانہ خریداری کریں، رسید سنبھال کر رکھیں اور خریدی گئی اشیاء کا موازنہ کریں تاکہ اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکیں۔”

حکومت کے اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک میں صارفین کو ریلیف دینا اور منڈی میں استحکام برقرار رکھنا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button