متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں نئی ’ٹورسٹ آئیڈینٹی‘ سہولت، سیاح چند منٹوں میں ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹ کھول سکیں گے، بائیومیٹرک نظام سے فوری اور محفوظ بینکاری خدمات تک رسائی ممکن

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں سیاحوں کیلئے بینکاری نظام میں بڑی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے جہاں نئی “ٹورسٹ آئیڈینٹی” کے ذریعے وزیٹرز چند منٹوں میں ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔ یہ اقدام یو اے ای سینٹرل بینک نے فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سکیورٹی اور ابوظہبی کمرشل بینک کے تعاون سے شروع کیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ نظام بائیومیٹرکس اور فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جس کے تحت سیاحوں کو یو اے ای پہنچتے ہی ڈیجیٹل شناخت فراہم کی جاتی ہے۔ یہ شناخت بینک کی موبائل ایپ سے منسلک ہو کر فوری اکاؤنٹ کھولنے اور ڈیجیٹل ڈیبٹ کارڈ سمیت بنیادی بینکاری سہولیات تک رسائی ممکن بناتی ہے۔

اس سے قبل غیر مقیم افراد کیلئے بینک اکاؤنٹ کھولنے کا عمل پیچیدہ اور دستاویزات پر مبنی تھا، تاہم اب اسے مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مالی شمولیت کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

مزید برآں یہ نظام قومی ادائیگی کے پلیٹ فارمز جیسے “جیوان کارڈ اسکیم” اور “آنی” انسٹنٹ پیمنٹ سسٹم سے بھی منسلک ہے، جس سے سیاحوں کو فوری اور محفوظ مالی لین دین کی سہولت میسر آئے گی۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام یو اے ای کی سیاحت اور معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اسے عالمی مالیاتی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button