خلیج اردو
ابوظبی: نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق جمعرات 15 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ مغربی علاقوں میں درجۂ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم عمومی طور پر صاف سے جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم بعض ساحلی اور شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
ہلکی سے معتدل ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو بعض اوقات خاص طور پر سمندری علاقوں میں تیز اور شدید ہو سکتی ہیں، جس کے باعث گرد و غبار اور ریت اڑنے سے بعض کھلے علاقوں میں حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
سمندری صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خلیج عرب میں سمندر درمیانی سے خراب رہے گا جو رات کے وقت بعض اوقات انتہائی خراب ہو سکتا ہے، جبکہ بحیرۂ عمان میں سمندر درمیانی رہے گا جو رات میں خراب ہونے کا امکان ہے۔
درجۂ حرارت کے حوالے سے پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بعض علاقوں جیسے راکنہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 28 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
دبئی، ابو ظبی اور شارجہ میں کم سے کم درجۂ حرارت بالترتیب 17، 16 اور 15 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 27، 27 اور 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔







