متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں سردیوں کا آغاز، ہیٹر کے استعمال پر گھروں میں آگ اور دم گھٹنے کے خدشات، پولیس کی وارننگ

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں سردیوں کے باقاعدہ آغاز اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے بعد ابوظہبی پولیس اور ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی نے عوام کو ہیٹر اور لکڑی یا کوئلے سے جلنے والے حرارتی ذرائع کے استعمال پر حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹر کے غلط استعمال سے گھروں میں آگ لگنے یا دم گھٹنے جیسے سنگین حادثات پیش آ سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق چاہے ہیٹر بجلی سے چلتا ہو یا لکڑی اور کوئلے پر، کسی بھی قسم کے ہیٹر کے استعمال میں خطرات موجود ہوتے ہیں۔ غیر محتاط استعمال کے نتیجے میں جان و مال کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل ضروری ہے۔

پولیس اور سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں کے اندر لکڑی یا کوئلے سے آگ جلانے سے گریز کریں، آگ جلتے ہوئے اس کے قریب سونے سے پرہیز کریں، مناسب وینٹیلیشن کا انتظام کریں تاکہ دھواں باہر نکل سکے، اور جلتی ہوئی لکڑی یا کوئلہ بغیر بجھائے گھر کے باہر نہ چھوڑیں۔

برقی ہیٹرز کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے کہ ان کی لوڈ برداشت کرنے کی صلاحیت اور حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے، ہیٹر کی تاریں قالین یا دری کے نیچے نہ رکھی جائیں، بچوں کو ہیٹر کے قریب کھیلنے نہ دیا جائے، ہیٹر کو چھونے یا اس کے قریب آتش گیر اشیاء رکھنے سے گریز کیا جائے، ہیٹر سے لوبان یا اگر بتی نہ جلائی جائے، اور اسے پانی یا نم جگہ کے قریب نہ رکھا جائے۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سوتے وقت یا کمرہ چھوڑتے ہوئے ہیٹر لازمی بند کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز 20 دسمبر کو رواں موسم سرما کا اب تک کا کم ترین درجہ حرارت 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو راس الخیمہ کے جبل جیس پہاڑ پر رات 12 بجے ناپا گیا۔

یہ کم درجہ حرارت ملک بھر میں کئی دنوں سے جاری غیر مستحکم موسم، شدید بارشوں اور گرج چمک کے بعد سامنے آیا، جس کے باعث سڑکوں اور وادیوں میں پانی جمع ہونے کے واقعات بھی پیش آئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button