
خلیج اردو
خلیجی ممالک کے مختلف علاقوں میں غیر مستحکم موسم کا سلسلہ جاری ہے۔ متحدہ عرب امارات میں محکمہ موسمیات نے 6 اگست تک بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ سعودی عرب اور عمان کے کئی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق ملک میں 2 سے 6 اگست کے دوران بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ موسم پر مشرق سے آنے والے سطحی کم دباؤ کے نظام کے پھیلاؤ اور بالائی فضا میں موجود کمزور کم دباؤ کے نظام کے اثرات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں گرج دار بادل بن سکتے ہیں جس کے نتیجے میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہر احمد حبیب کے مطابق موجودہ موسم گرما میں معمول سے ہٹ کر ہونے والی بارشوں میں ال نینو کے موسمی اثرات بھی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
2 اگست کو فجیرہ کے مسافی میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب شدید گرمی بھی برقرار ہے اور یکم اگست کو ابوظبی کے الشوامخ علاقے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
سعودی عرب میں بھی گرج چمک اور بارش کا امکان
سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے ہفتے کے اختتام تک عسیر، جازان، الباحہ، مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں اور نجران میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو تازہ ترین موسمی پیشگوئی اور الرٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
عمان کے حجر پہاڑوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان
عمان کے حجر پہاڑی سلسلے میں بھی شدید گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ بارش والے بادل شمالی الشرقیہ، جنوبی الشرقیہ اور الظاہرہ کے بعض علاقوں تک پھیل سکتے ہیں۔
عمانی حکام کے مطابق حجر پہاڑوں پر گرج دار بادل بننے کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں یہ موسمی صورتحال مزید علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔







