
خلیج اردو
دبئی: علاقے المنخول میں دیوالی کی تقریبات کے بعد جب بیشتر رہائشی سو چکے تھے، تین نیک دل شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں پر جمع آتشبازی کے کچرے کو صاف کر کے ایک مثال قائم کر دی۔
واقعہ 22 اکتوبر کی رات پیش آیا جب دبئی کے رہائشی نش شویاک اپنے دوست یوگ کے ہمراہ رات ایک بجے کے بعد سڑکوں پر نکلے اور المنخول مسجد کے اطراف جمع بارودی آتشبازی کے ملبے، پلاسٹک ریپرز اور جلی ہوئی گولوں کے خول صاف کرنے لگے۔ کچھ دیر بعد وہاں سے گزرنے والے ایک شہری عادل نے بھی ان کا ساتھ دیا اور تینوں نے مل کر دو گھنٹے سے زائد وقت تک صفائی جاری رکھی۔
نش شویاک کے مطابق، ایک رات قبل انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں لکھا تھا کہ وہ شام کو علاقے کی صفائی کریں گے، مگر صبح اٹھے تو دیکھا کہ دبئی میونسپلٹی نے راتوں رات پورا علاقہ صاف کر دیا تھا۔ "یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ میونسپلٹی کتنی تیزی سے کارروائی کرتی ہے،” نش نے کہا۔ "اسی جذبے سے متاثر ہو کر اگلی رات ہم نے خود صفائی کرنے کا فیصلہ کیا۔”
انہوں نے بتایا کہ ان کا مقصد کسی قسم کی تشہیر نہیں تھا بلکہ یہ احساس تھا کہ ہم سب ہی اس گندگی کے ذمہ دار ہیں۔ "دیوالی جیسے تہوار خوشیوں کا پیغام دیتے ہیں، لیکن اگر ہم صفائی کا خیال نہ رکھیں تو اس خوشی کا رنگ ماند پڑ جاتا ہے۔ اگر ہر شخص چند منٹ صفائی میں لگا دے تو شہر مزید خوبصورت بن سکتا ہے۔”
تینوں شہریوں نے رات تقریباً تین بجے صفائی مکمل کی۔ صبح تک المنخول مسجد کے اطراف کی گلیاں اور سڑکیں ایک بار پھر چمک اٹھیں۔
Three Dubai residents clean Al Mankhool streets after Diwali fireworks







