متحدہ عرب امارات

شارجہ پولیس کی 58 ایشیائی باشندوں پر مشتمل منشیات فروشوں کے گروہ کو گرفتار کرنے کی ویڈیو دیکھیں

خلیج اردو آن لائن:

شارجہ پولیس نے ایک بڑا آپریشن کرتے ہوئے 58 ایشیائی باشندوں پر مشتمل منشیات فروشوں کا گروہ گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گروہ ملک کے اندر 63 ملین درہم مالیت کی 153 کلوگرام منشیات اسمگل کر رہاتھا۔

https://twitter.com/ShjPolice/status/1304697038605606913?s=20

یہ آپریشن شارجہ پولیس کے انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے معلومات ملنے کے بعد شروع کیا گیا۔ اس آپریشن کا نام 7/7  رکھا گیا، جس کے نتیجے میں مائع حالت میں کریسٹل میتھ سمیت غیر قانونی منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی۔

شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف کا ایک پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ یہ گروہ ملک کے اندر منشیات اسمگل کرنے اور فروخت کرنے کے لیے ایک منظم نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ اور یہ گروہ ایئرپورٹ اور بحری بندرگاہ سے منشیات کی کھیپ وصول کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔

گروہ کیسے پکڑا گیا؟

شارجہ پولیس کے چیف میجر جنرل سیف الزری الشمسی نے بتایا کہ انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹ نے ٹیمیں تشکیل دیں اور ایک پرزور آپریشن کا آغاز کردیا۔

ایک ٹیم نے ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا۔ اس نے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ ہمسایہ ملک سے آنے والی ایک کشتی کو وصول کرنے آیا ہے۔ جس میں مچھلیوں کے ڈبوں میں منشیات کی ایک بڑی مقدار چھپائی گئی تھی۔

گرفتار کیے گئے شخص نے ملک میں ایک بنگلے کے بارے میں بتایا جس میں غیر قانونی طور پر مائع کریسٹل تیار کی جاتی ہے۔ اس معلومات کے بعد پولیس نے اس بنگلے پر چھاپہ مارا تو وہاں سے ایشیائی باشندوں کی بڑی تعداد کو کریسٹل تیار کرتے ہوئے گرفتار کیا۔

گرفتار کیے گئے ملزمین نے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور گروہ میں شامل دیگر افراد کے نام بتائے، جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس نے اس کیس سے تعلق رکھنے والے سات بینک اکاؤنٹ بھی معطل کر دیے ہیں۔

Source: Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button