
خلیج اردو
منیلا: فلپائن کے صوبہ مسبیت میں شدید سمندری طوفان اوپونگ (بوالوئی) نے قیامت ڈھا دی، جس کے مناظر مقامی باشندوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیے۔ ویڈیوز میں بارش اور تیز ہواؤں کی گرج، درختوں کے گرنے اور گھروں کے لرزنے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
مسبیت کے رہائشیوں نے سوشل میڈیا پر دعائیہ پیغامات کے ساتھ وڈیوز شیئر کیں، جن میں کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے کے قریب دکھائی دیتے ہیں جبکہ طوفانی جھکڑ چھتوں کی چادریں اکھاڑ کر فضا میں اڑا لے جاتے ہیں۔ ایک وڈیو میں درخت کی شاخ ایک کھڑی گاڑی پر گر کر اسے کچل دیتی ہے جبکہ ایک اور منظر میں طوفانی بارش کے سبب ٹرائی سائیکل پانی میں بہتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
ویڈیوز میں بارش کی تیز بوندیں کیمرے کے فریم پر ترچھی گرتی نظر آئیں، سڑکیں ندی نالوں میں بدل گئیں اور ملبہ ہر طرف بکھر گیا۔ کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے زمین بوس ہو گئے اور مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اوپونگ نے سب سے پہلے مسبیت کو نشانہ بنایا اور بعدازاں رومبلون کے جزائر سیبوین اور تابلز میں تباہی مچائی۔ طوفان نے اپنی آخری لینڈ فال صوبہ مندورو میں کی، جہاں سے یہ مغربی فلپائن سمندر کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اہلِ مسبیت کی برداشت اور حوصلے کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے لکھا: "Pray for Masbate۔”
یہ طوفان دارالحکومت منیلا کے جنوب میں تقریباً 140 کلومیٹر کے فاصلے پر مندورو میں اب بھی شدید بارشوں اور تباہ کن ہواؤں کے ساتھ جاری ہے۔







