
خلیج اردو
ڈرائیونگ کے دوران عدم توجہ اکثر سنگین حادثات کا سبب بن جاتی ہے۔ شارجہ پولیس نے ایک ایسی ہی واقعے کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک وین ڈرائیور کی غفلت کے باعث سڑک سے اُتر کر ڈیوائیڈرز عبور کرتی ہوئی مخالف سمت میں موجود ٹریفک سائن سے ٹکرا جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور نے سڑک پر توجہ برقرار نہ رکھی، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو گئی۔ ویڈیو کے ساتھ جاری بیان میں شارجہ پولیس نے خبردار کیا کہ ڈرائیونگ کے دوران توجہ ہٹنا نہ صرف حادثات کے خطرے میں اضافہ کرتا ہے بلکہ ڈرائیور اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے۔
شارجہ پولیس نے تمام ڈرائیورز پر زور دیا ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت موبائل فون یا دیگر عوامل سے بچیں اور مکمل توجہ سڑک پر رکھیں۔
واضح رہے کہ اسی ماہ کے آغاز میں شارجہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک اور بڑے حادثے کو ٹال دیا تھا، جب ایک گاڑی کا کروز کنٹرول سسٹم خراب ہو گیا تھا۔ گاڑی احمد بن حدید راؤنڈ اباؤٹ سے شیخ محمد بن زاید روڈ کی جانب 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جا رہی تھی، تاہم ٹریفک گشت پر موجود اہلکاروں نے چند ہی منٹوں میں گاڑی کو محفوظ طریقے سے روک لیا، جس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔







