متحدہ عرب امارات

دبئی ایئرپورٹ پر بچوں کے لیے خصوصی ‘پاسپورٹ’، شہر کی سیر کا نیا انداز

خلیج اردو
دبئی کی شدید گرمی میں سیاحوں کے لیے پرکشش مقامات کی تلاش ایک چیلنج بن جاتی ہے، خاص طور پر جب باہر کی سرگرمیاں محدود ہو جائیں۔ ایسے میں دبئی آنے والے بچوں کے لیے ایک منفرد تحفہ متعارف کرایا گیا ہے۔ دبئی میڈیا آفس کے تخلیقی ونگ "برانڈ دبئی” نے اعلان کیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) پر پہنچنے والے بچوں کو خصوصی ‘سووینیئر پاسپورٹس’ دیے جائیں گے، جو انہیں دبئی کی رنگین دنیا دریافت کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔

دبئی میڈیا آفس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جب بچے "چلڈرن پاسپورٹ کنٹرول” پر پہنچتے ہیں تو امیگریشن افسران ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہیں، انہیں رنگین پاسپورٹ پیش کیے جاتے ہیں، اور ان کے اصل سفری دستاویزات پر مہر لگائی جاتی ہے۔

یہ خصوصی پاسپورٹس دبئی کی سیر کے لیے ایک رہنما کے طور پر کام کریں گے، جن میں بچوں کے لیے تفریحی پروگرام، مقامات کی فہرست اور انٹریکٹو گائیڈز شامل ہوں گے۔ پاسپورٹ پر موجود QR کوڈ اسکین کر کے بچے "دبئی ڈیسٹینیشنز” ویب سائٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے جہاں انہیں شہر کی دلچسپ سرگرمیوں اور مقامات کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

یہ اقدام برانڈ دبئی اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے باہمی تعاون سے ممکن ہوا ہے۔ دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینلز 1، 2 اور 3 پر بچوں کے لیے خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز 2023 میں قائم کیے گئے تھے تاکہ 4 سے 12 سال کے بچوں کے لیے آمد کا عمل خوشگوار اور یادگار بنایا جا سکے۔

GDRFA کے مطابق ان کاؤنٹرز کے قیام کے بعد سے اب تک 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچے ان سہولیات سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جو دبئی کے مہمان نوازی کے منفرد انداز کی علامت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button