
خلیج اردو
راولپنڈی: حکومتِ پاکستان نے امریکہ کے یو ایس سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل مائیکل ای کرلا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرپا عسکری تعاون کے فروغ میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے جنرل کرلا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) عطا کیا۔ اس موقع پر صدرِ مملکت نے خطے میں امن و سلامتی کے قیام اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے میں جنرل کرلا کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل مائیکل ای کرلا کی قیادت اور وژن نے پاکستان اور امریکی افواج کے درمیان باہمی اعتماد، عسکری تعاون اور انسداد دہشتگردی کے شعبے میں روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی مسلسل مصروفیات پاکستان کے خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار کو تسلیم کرنے کا مظہر ہیں۔
نشانِ امتیاز (ملٹری) کا اعزاز پاکستان کی جانب سے جنرل کرلا کی خدمات کا اعلیٰ سطح پر اعتراف اور پاک-امریکہ عسکری شراکت داری میں گہرائی کا اظہار ہے۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران جنرل کرلا نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت سول و عسکری قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی سیکیورٹی، عسکری تعلقات اور دہشتگردی و دیگر ابھرتے ہوئے چیلنجز کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر آمد پر جنرل مائیکل ای کرلا کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔






