
خلیج اردو
کویت: کویت اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ کارروائی میں منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے جس میں کنٹینر کے دروازے اور چھت کے پینلز میں چھپائی گئی تقریباً 100 کلو میتھ ایمفیٹامین اور 10 کلو ہیروئن شامل ہے۔
یہ منشیات سمندری راستے سے ملک میں اسمگل کی جا رہی تھی۔ خفیہ معلومات کے تبادلے اور انٹیلیجنس تعاون سے پتہ چلا کہ ایک بین الاقوامی منظم نیٹ ورک کے تحت ایک کنٹینر منشیات لے کر کویت آ رہا ہے۔
اس اطلاع پر سیکورٹی اداروں نے ایک مربوط اور منظم حکمت عملی کے تحت کنٹینر کی نگرانی کی۔ کنٹینر کو کھولنے پر دروازے اور چھت کے حصوں میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔
کامیاب کارروائی کے بعد شیخ فہد یوسف سعود الصباح نے متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ اور لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کیا، جن کی انٹیلیجنس معلومات نے اس کارروائی کو ممکن بنایا۔
حکام نے جان بوجھ کر کنٹینر کو شُوَیخ بندرگاہ سے باہر جانے دیا اور بعد ازاں زمینی نگرانی کرتے ہوئے ام غرا کے علاقے میں وصول کنندہ کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ گرفتار شخص کی شناخت ایک افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔
شیخ فہد یوسف نے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون، معلومات کے تبادلے اور منظم جرائم کے خلاف مسلسل اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ برادرانہ تعلقات خطے کی سلامتی کے لیے اہم ستون ہیں۔





