
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کے مشرقی علاقوں میں شدید گرمی کے دوران موسم نے خوشگوار موڑ لے لیا۔ گزشتہ چند دنوں سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے شہریوں کو گرمی سے کچھ راحت دی ہے، جبکہ دبئی-العین روڈ اور صفی سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش کے مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کے باعث گاڑیوں کے شیشے دھندلا گئے اور سڑکوں پر پانی کے چھوٹے چھوٹے تالاب بن گئے ہیں، جس سے ڈرائیونگ کے دوران مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ بعض علاقوں میں بارش اتنی شدید تھی کہ حد نگاہ محدود ہو گئی، جس کے بعد حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ابوظہبی پولیس نے العین کے لیے موسم کی وارننگ جاری کرتے ہوئے ڈرائیورز سے اپیل کی کہ بارش کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں اور الیکٹرانک سائن بورڈز پر ظاہر ہونے والی رفتار کی حد پر عمل کریں۔
بارش کے ساتھ ساتھ طوفانی گرد آلود جھکڑوں (Dust Devil Storms) نے بھی شہریوں کی توجہ حاصل کی۔ اسٹورم سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرد کا ایک بھنور آسمان کی جانب اٹھتا ہوا ایک ٹورنیڈو نما منظر پیش کر رہا ہے، جس نے پورے علاقے کو گرد آلود دھند میں لپیٹ لیا۔
27 جولائی بروز اتوار کو متعدد علاقوں میں گرد آلود جھکڑوں (Gustnado) کا مشاہدہ کیا گیا، جو کہ مختصر دورانیے کے جھکڑ ہوتے ہیں اور عام طور پر شدید گرج چمک کے دوران صحرائی علاقوں میں نمودار ہوتے ہیں۔ اگرچہ یہ ٹورنیڈو کی طرح خطرناک نہیں ہوتے، لیکن ریت اور ملبہ اڑا کر ڈرائیونگ کے لیے خطرات ضرور پیدا کر سکتے ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق یو اے ای میں گرمیوں کے دوران بارش کا ہونا غیر معمولی نہیں، لیکن شہریوں کو چاہئے کہ وہ موسم کی سختیوں کو سنجیدگی سے لیں اور صحت و سلامتی کے حوالے سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔







