
خلیج اردو
شارجہ میں روڈ ڈیوائیڈر پر پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار کالی گاڑی سفید وین سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سفید وین موڑ کاٹنے کی کوشش کر رہی تھی اور ڈرائیور تیز رفتار گاڑی کو بروقت دیکھ نہ سکا۔
شارجہ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالی گاڑی زور دار ٹکر کے بعد الٹ جاتی ہے جبکہ ٹکر کے باعث وین فٹ پاتھ کی جانب دھکیل دی جاتی ہے، جو مخالف سمت سے آنے والے ایک سائیکل سوار کے بالکل قریب سے گزرتی ہے۔ سائیکل سوار نے بروقت چھلانگ لگا کر خود کو بچا لیا اور سنگین چوٹ سے محفوظ رہا۔
واقعے کے حوالے سے شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ تیز رفتاری اور غفلت سے ڈرائیونگ کے خطرات کی واضح مثال ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روڈ ڈیوائیڈرز، چوراہوں اور گول چکروں پر خصوصی احتیاط برتی جائے، جبکہ پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کو مخصوص لینز اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی حکام اس سے قبل بھی لاپرواہ ڈرائیونگ، تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خطرات سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔ شارجہ میں لاپرواہ ڈرائیونگ یا ممنوعہ علاقوں میں موٹر سائیکل چلانے پر ضبط شدہ گاڑی کی رہائی کے لیے بیس ہزار درہم فیس مقرر کی گئی ہے، جبکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کی صورت میں یہ فیس تیس ہزار درہم تک ہو سکتی ہے۔
ابوظہبی اور دبئی میں لاپرواہ ڈرائیونگ پر پچاس ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جبکہ راس الخیمہ میں جرمانہ بیس ہزار درہم تک اور تین ماہ کی گاڑی ضبطی کی سزا دی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق ان سخت اقدامات کا مقصد سڑکوں پر تحفظ کو یقینی بنانا اور لاپرواہ ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔







