متحدہ عرب امارات

پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے،مظفرآباد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی پریس کانفرنس

خلیج اردو
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے دو ڈویژنوں میں عوامی اجتماعات کیے گئے جہاں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے اندر لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا اور یہ اعتماد بحال ہونا ایک مثبت پیش رفت ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح رہی اور سترہ اکتوبر کو بننے والی حکومت نے آدھے سے زائد مطالبات پر عملدرآمد مکمل کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ دوبارہ سیاسی نظام پر اعتماد کر رہے ہیں جبکہ پچھلی حکومت کے دوران عوام اور حکومت کے درمیان دوری پیدا ہو گئی تھی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے مطابق پوری ریاست کے عوام نے جگہ جگہ ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے واضح کیا کہ ان کا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، وہ صرف اپنا کام کرنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بڑے سے بڑے مسئلے کو مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کیا ہے اور عوامی نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا گیا۔

پریس کانفرنس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست کے اندر کسی بھی قسم کی افراتفری کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت صرف وہی بات کرے گی جو حقائق پر مبنی ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معاہدے کے نکات پر مجموعی طور پر اٹھانوے فیصد عملدرآمد ہو چکا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button