خلیج اردو
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ماہِ رمضان کے بابرکت موقع پر دیگر امارات کے حکمرانوں کے اعزاز میں افطار ضیافت کا اہتمام کیا، جس میں ولی عہد، نائب حکمرانوں اور دیگر شیوخ نے بھی شرکت کی۔
ابوظہبی کے قصر البحر میں منعقدہ اس تقریب میں پربوو سوبیانتو بھی موجود تھے جو اس وقت متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ شرکاء نے مل کر نمازِ مغرب ادا کی اور رمضان المبارک کی مناسبت سے نیک تمناؤں کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر شرکاء نے متحدہ عرب امارات کی ترقی، قومی استحکام اور عوام کی امنگوں کے مطابق مستقبل کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے دوران ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں قیامِ اتحاد کے تاریخی دن کی یادیں تازہ کی گئیں، جب شیخ زاید بن سلطان آل نہیان نے پہلی بار متحدہ عرب امارات کا پرچم لہرایا تھا۔
تقریب کو مزید یادگار بنانے کیلئے اُن افراد کو بھی مدعو کیا گیا جو 1971 میں اتحاد کے قیام کے تاریخی موقع پر موجود تھے۔ شرکاء نے اس اہم لمحے میں اپنی شرکت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے قومی یکجہتی، خوشحالی اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔







