
خلیج اردو
اتوار کے روز یو اے ای کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ راس الخیمہ میں بارش کے بعد جبل جیس کے دامن میں قدرتی آبشاریں بن گئیں، جبکہ گرج چمک کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔
اسٹورم سینٹر کی جانب سے جاری ویڈیوز میں جبل جیس کے اطراف تیز بارش اور بہتے پانی کے دلکش مناظر دکھائے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقے میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے اور زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ایک ویڈیو میں تین فلیمنگو بارش سے بھری سڑک پر کھڑے نظر آئے، جہاں پانی جمع ہونے سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں۔ پرندے گرد و نواح کو حیرت سے دیکھتے دکھائی دیے۔
بارش کے ساتھ بعض علاقوں میں دھند بھی چھا گئی۔ ابوظہبی پولیس نے کم حدِ نظر کے باعث ڈرائیورز کو احتیاط برتنے اور الیکٹرانک بورڈز پر دی گئی رفتار کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، رات اور پیر کی صبح ساحلی علاقوں میں نمی اور ہلکی دھند کا امکان ہے۔ ہوائیں 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو بعض اوقات 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔






