متحدہ عرب امارات

دولت نہیں نیت درکار ہے، یو اے ای صدر کی جانب سے بھارتی نژاد رہائشی کو اعزاز

خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت لائف انڈاؤمنٹ مہم میں نمایاں کردار ادا کرنے پر بھارتی نژاد رہائشی شیخ شکیل کو اعزاز سے نوازا۔ شیخ شکیل کا کہنا ہے کہ دوسروں کی مدد کے لیے امیر ہونا ضروری نہیں، صرف نیک دل اور مدد کی نیت کافی ہوتی ہے۔

ممبئی سے تعلق رکھنے والے شیخ شکیل گزشتہ اکیس برس سے العین میں مقیم ہیں اور یو اے ای کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہیں۔ وہ ٹاکا ٹرانسمیشن میں کیبل انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنے خاندان کو اپنی طاقت اور حوصلے کا بڑا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی ہمدردی، سخاوت اور کمیونٹی اسپرٹ کی اقدار سے وہ اور ان کا خاندان گہرا تعلق محسوس کرتے ہیں۔

شیخ شکیل نے محدود آمدن کے باوجود لائف انڈاؤمنٹ مہم کے مقاصد سے متاثر ہو کر عطیات دینا شروع کیے اور وقتاً فوقتاً اپنی استطاعت کے مطابق 42 مرتبہ اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے نام سے عطیات دیے۔ ان کے مطابق رقم کی مقدار سے زیادہ اہم یہ احساس تھا کہ چھوٹی سی مدد بھی کسی کی زندگی میں بڑا فرق پیدا کر سکتی ہے۔

ابوظہبی میں مئی میں شروع کی گئی لائف انڈاؤمنٹ مہم دائمی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کے اخراجات پورے کرنے اور صحت کی سہولیات کو پائیدار بنانے کے لیے قائم کی گئی ہے، جو ایک ارب درہم مالیت کے ہیلتھ کیئر انڈاؤمنٹ منصوبے کا حصہ ہے۔

شیخ شکیل کا کہنا ہے کہ انہیں دوسروں کی مدد کا جذبہ والدین کی دی ہوئی تربیت کا نتیجہ ہے، اور وہ یہی اقدار اپنے بچوں میں بھی منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے صدرِ یو اے ای سے ملاقات کو ایک ناقابلِ فراموش لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات نے انہیں یہ یقین دلایا کہ حقیقی قیادت خدمت، ہمدردی اور لوگوں کی فکر سے جنم لیتی ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button