پاکستانی خبریں

پاکستان کی ترقی جادو ٹونے سے نہیں اتحاد سے ممکن ہے، وزیراعظم شہباز شریف

خلیج اردو: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی جادو ٹونے یا نعروں سے نہیں بلکہ اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے سے ہی ممکن ہے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا تاکہ ملک کو آگے بڑھایا جا سکے۔ وہ ہری پور یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب چاروں صوبے ترقی کریں گے تو ہی پاکستان آگے بڑھے گا، ملک اس وقت میکرو لیول پر مستحکم ہے اور اب اصل چیلنج ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ہی ملکی استحکام کی مضبوط بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کو دلیر اور غیور عوام کا صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام دہشت گردی کے خلاف طویل عرصے سے نبرد آزما ہیں اور تاریخ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں مودی کو ایسا سبق سکھایا گیا جو وہ کبھی نہیں بھولیں گے، 10 مئی کو اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت دی اور یہ کامیابی سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیوں کی بدولت ممکن ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ازلی دشمن بھارت آج بھی افواجِ پاکستان کی جانب سے سکھایا گیا سبق نہیں بھولا، قوم کی دعاؤں سے یہ عظیم کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو کوئی ان قربانیوں کا مذاق اڑائے یا ان کی بے ادبی کرے، اللہ اسے معاف نہیں کرے گا، جبکہ بھائی چارہ، اتفاق اور اتحاد ہی پاکستان کی کامیابی کا واحد راستہ ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button