Uncategorized

بجٹ میں مسلح افواج کی مدد پاکستان کی مجموعی ضرورت ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں مسلح افواج کی جتنی ممکن ہو مدد کی جائے گی کیونکہ یہ صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ ملک کی مجموعی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ میں پاکستان کے قرض پروگرام کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم پاکستان کا کیس میرٹ پر ڈسکس ہوا اور تمام اہداف کامیابی سے پورے کیے گئے۔

انہوں نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معیشت کا چار سو ارب ڈالر تک پہنچنا ایک بڑی پیش رفت ہے۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ریلیف فراہم کرنے پر کام جاری ہے اور ٹیکس میں کمی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل جلد مکمل ہوگا اور رائٹ سائسنگ کا مرحلہ بھی جاری ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت ٹیکس نظام اور توانائی سمیت دیگر اہم شعبوں میں اصلاحات لا رہی ہے۔ ایف بی آر میں شفافیت لانے کے لیے انسانی مداخلت کو کم کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت کا عمل بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طویل المدتی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے اور تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کی معترف ہے اور بہت سے مبصرین معیشت میں بہتری کی رفتار پر حیران ہیں۔ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور پاکستان میکرواکنامک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button