Uncategorized

سعودی عرب کا پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کی اضافی معاونت کا اعلان، 5 ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں توسیع

خلیج اردو
سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کی اضافی مالی معاونت کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹ کی ادائیگی اگلے ہفتے متوقع ہے، جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ 5 ارب ڈالر کے سعودی ذخائر اب سالانہ رول اوور کے انتظام کے تابع نہیں رہیں گے بلکہ انہیں طویل مدت کے لیے بڑھایا جا رہا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک اہم مالی سہارا ثابت ہوگا۔

وزیر خزانہ کے مطابق یہ معاونت ایسے وقت میں فراہم کی جا رہی ہے جب پاکستان کو بیرونی مالیاتی ضروریات کا سامنا ہے۔ اس تعاون سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پروگرام کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی اور مالی سال کے اختتام تک 18 ارب ڈالر کے ذخائر حاصل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے کامیابی سے 1.4 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی کی اور آئندہ تمام بیرونی واجبات بروقت ادا کیے جائیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے تفصیلی ملاقات بھی کی، جس میں دوطرفہ مالی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button