فن و فنکار

مسٹر بیسٹ اور ون بلین فالوورز سمٹ کا عالمی مہم کے لیے اتحاد

 

خلیج اردو
دبئی: ون بلین فالوورز سمٹ نے معروف عالمی یوٹیوبر اور کنٹینٹ کریئیٹر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے تاکہ "ون بلین ایکٹس آف کائنڈنیس” مہم کا آغاز کیا جا سکے، جس کا مقصد دنیا بھر میں نرمی، ہمدردی اور سماجی خدمت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ یہ مہم محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (MBRGI) اور ورکی فاؤنڈیشن کی حمایت سے شروع کی گئی ہے۔

یہ مہم 7 نومبر سے شروع ہوچکی ہے، جس میں مسٹر بیسٹ نے دنیا بھر کے کنٹینٹ کریئیٹرز کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنی برادریوں میں ایک ارب نیکیوں کے کام سرانجام دیں تاکہ انفرادی اقدامات کو ایک عالمی تحریک میں بدلا جا سکے۔

مہم میں شرکت کے لیے درخواستیں یکم دسمبر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، جب کہ بہترین دس کنٹینٹ کریئیٹرز کا اعلان اگلے سال 9 سے 11 جنوری 2026 کے دوران دبئی میں ہونے والے چوتھے ون بلین فالوورز سمٹ میں کیا جائے گا۔

منتخب تخلیق کار مسٹر بیسٹ اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں اثر انگیز نیکیوں کے منصوبے انجام دیں گے، جنہیں ویڈیوز کے ذریعے مسٹر بیسٹ کے پلیٹ فارم پر دکھایا جائے گا۔

مہم کے تحت بزرگوں، بے گھر افراد اور خصوصی ضرورتوں کے حامل افراد کی مدد، سماجی خدمات، آگاہی مہمات، چندہ جمع کرنے کی سرگرمیاں، اور درخت لگانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

ورکی فاؤنڈیشن کے بانی سنی ورکی نے کہا کہ "تعلیم سب سے بڑا تحفہ ہے جو زندگیوں کو بدل دیتی ہے، ہم اس مہم کے ذریعے نرمی اور ہمدردی کی کہانیاں اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔”
بیسٹ انڈسٹریز کے سی ای او جیف ہاؤسن بولڈ نے کہا کہ "سماجی اثر رکھنے والا مواد دنیا کو بدلنے کی طاقت رکھتا ہے، اور یہ شراکت ہماری اس مشن کو تیز کرے گی کہ ہم ایک مہربان اور باہمی ہمدردی پر مبنی دنیا بنائیں۔”

یو اے ای گورنمنٹ میڈیا آفس کی نائب چیئرپرسن عالیہ الحمادی نے کہا کہ "یہ مہم کنٹینٹ کی طاقت کو انسانیت کے بڑے مقاصد کے لیے بروئے کار لانے کی کوشش ہے۔”

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button