
خلیج اردو
دبئی: پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ 2025 کے فائنل میں کویت کو 43 رنز سے شکست دے کر چھٹی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
منگ کوک میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ اوپنر عبدالصمد نے 13 گیندوں پر 42 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ کپتان عباس آفریدی نے محض 11 گیندوں پر دھواں دار 52 رنز اسکور کیے۔
جواب میں کویت کی ٹیم 5.1 اوورز میں صرف 92 رنز بنا سکی۔ پاکستان کے بائیں ہاتھ کے اسپنر معاذ صداقت نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز کویت کے خلاف چار وکٹوں سے فتح کے ساتھ کیا، تاہم بھارت کے خلاف ڈی ایل ایس طریقے کے تحت دو رنز سے شکست کھائی۔ اس کے بعد پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کو پانچ وکٹوں سے اور سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب کویت نے بھارت، افغانستان اور انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔





