
خلیج اردو
شارجہ سول ڈیفنس نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے اندر پلاسٹک کی پانی کی بوتلیں، چاہے خالی ہی کیوں نہ ہوں، ہرگز نہ چھوڑیں کیونکہ یہ آگ لگنے کا باعث بن سکتی ہیں۔
ادارے نے انسٹاگرام پر جاری ایک آگاہی پیغام میں بتایا کہ سورج کی شعاعیں جب پلاسٹک کی بوتل سے گزرتی ہیں تو وہ عدسے کی طرح حرارت کو کسی مخصوص حصے پر مرکوز کر دیتی ہیں، جس سے سیٹوں یا دیگر آتش گیر اشیاء میں آگ بھڑک سکتی ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ حفاظت کا آغاز آگاہی سے ہوتا ہے، اس لیے ڈرائیور حضرات کو ہدایت دی گئی ہے کہ گاڑی پارک کرتے وقت اس میں موجود پانی کی بوتلیں اور شفاف اشیاء لازمی نکال دیں، خاص طور پر دھوپ میں کھڑی گاڑیوں سے۔
شارجہ سول ڈیفنس نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر 997 پر رابطہ کریں۔







