Uncategorized

دنیا دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے کم پُرامن، 78 ممالک تنازعات میں ملوث: عالمی امن رپورٹ

خلیج اردو
لندن/سڈنی: انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس  کی جانب سے جاری کردہ "گلوبل پیس انڈیکس 2024” کے مطابق دنیا اس وقت دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے کم پُرامن حالت میں ہے، جہاں 78 ممالک کسی نہ کسی صورت میں تنازع یا جنگ میں ملوث ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں 59 ریاستی سطح کے فعال تنازعات جاری ہیں، جو جنگ عظیم دوم کے بعد سب سے زیادہ ہیں، اور یہ گزشتہ سال کی نسبت تین زیادہ ہیں۔

امن کی صورتحال بد سے بدتر
مطالعے میں کہا گیا ہے کہ "عالمی سطح پر پُرامن حالات بدستور خراب ہو رہے ہیں، اور وہ تمام عوامل جو بڑے تنازعات سے پہلے دیکھے جاتے ہیں، اب خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔”

رپورٹ کے مطابق کئی ممالک فوجی وسائل میں اضافہ کر رہے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی، روایتی اتحادوں کی تحلیل، اور معاشی غیر یقینی صورتحال تنازعات کو مزید بڑھا رہی ہے۔

اہم تنازعات اور نئی جنگیں
روس-یوکرین، اسرائیل-فلسطین، ایران-امریکہ، چین-تائیوان، آرمینیا-آذربائیجان، اور بھارت-پاکستان جیسے سرحدی تنازعات فہرست میں شامل ہیں۔ تازہ ترین اسرائیل-ایران تصادم نے عالمی امن کو مزید متزلزل کر دیا ہے، جس میں اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے فوجی اور جوہری اہداف پر حملہ کیا، جس میں ایرانی سینئر عسکری قیادت بھی ہلاک ہوئی۔

عالمی تنازعات کی نوعیت اور پھیلاؤ
رپورٹ کے مطابق تنازعات زیادہ بین الاقوامی نوعیت اختیار کر چکے ہیں، جس سے حل کی راہیں پیچیدہ ہو گئی ہیں۔ 78 ممالک اب ایسی جنگوں میں شامل ہیں جو ان کی سرزمین سے باہر لڑی جا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ، گزشتہ دو دہائیوں سے فوجی اخراجات میں کمی کی جو عالمی رجحان تھا، وہ بھی پلٹ چکا ہے۔ صرف دو سال میں 106 ممالک میں عسکریت پسندی بڑھی ہے۔

تنازعات کے حل میں ناکامی
رپورٹ نے انکشاف کیا کہ تنازعات کا فیصلہ کن انجام یا امن معاہدے کے ذریعے اختتام گزشتہ 50 سال میں کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔
– 1970 کی دہائی میں 49 فیصد تنازعات فیصلہ کن فتح پر ختم ہوتے تھے، اب یہ شرح صرف 9 فیصد رہ گئی ہے۔
– امن معاہدوں کے ذریعے تنازعات کا اختتام 23 فیصد سے گھٹ کر محض 4 فیصد رہ گیا ہے۔

سب سے پُرامن اور غیر پُرامن ممالک
رینکنگ کے مطابق:
سب سے پُرامن ملک: آئس لینڈ (2008 سے مسلسل سرفہرست)، اس کے بعد آئرلینڈ، آسٹریا، نیوزی لینڈ اور سوئٹزرلینڈ۔
سب سے غیر پُرامن ملک: پہلی بار روس کو سب سے کم پُرامن ملک قرار دیا گیا ہے، اس کے بعد یوکرین، سوڈان، کانگو اور یمن۔

خطوں کی صورتحال
سب سے پُرامن خطہ: مغربی اور وسطی یورپ
سب سے کم پُرامن خطہ: مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENA)
دوسرا کم پُرامن خطہ: جنوبی ایشیا، جہاں بھارت-پاکستان کشیدگی اور بنگلہ دیش میں سابق حکومت کے جبر کے باعث رینکنگ مزید خراب ہوئی۔
– جنوبی امریکہ واحد خطہ رہا جہاں امن کی صورتحال بہتر ہوئی، 11 میں سے 7 ممالک نے بہتری دکھائی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button