
خلیج اردو
دبئی: دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم کے تحت دبئی بزنس رجسٹریشن اینڈ لائسنسنگ کارپوریشن (DBLC) نے جائی ٹیکس گلوبل 2025 میں انویسٹ ان دبئی (IID) پلیٹ فارم کا جدید ورژن متعارف کرا دیا ہے۔ نئے فیچر "360 سروسز” کے ذریعے سرمایہ کاری کے پورے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آسان بنا دیا گیا ہے۔
یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایت کے مطابق کیا گیا ہے، جنہوں نے کاروباری لائسنسنگ کے لیے متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی یہ اقدام دبئی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی منظوریوں کے مطابق ہے، جو شیئرڈ ڈیجیٹل چینلز انیشیٹو کے تحت دبئی کو مکمل ڈیجیٹل معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
360 سروسز کے تحت وزارت محنت (MOHRE)، وزارت خارجہ (MOFA)، کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) اور دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی (DCAA) سمیت متعدد سرکاری اداروں کے اجازت نامے اور منظوریوں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں ضم کر دیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں سرمایہ کار اب کمپنی کے لائسنس، منظوری اور تجدید کے تمام مراحل آن لائن مکمل کر سکیں گے، جس سے کاغذی کارروائی اور ادارہ جاتی تاخیر میں نمایاں کمی آئے گی۔
DBLC کے سی ای او احمد خلیفہ القیضی الفلاسی نے کہا کہ یہ اپ گریڈ "ڈیجیٹل سرکاری خدمات کے عالمی معیار کو دوبارہ متعین کرتا ہے” اور دبئی اکنامک ایجنڈا D33 کے اہداف کو آگے بڑھاتا ہے، جس کا مقصد جدت کے ذریعے معاشی پیداوار میں 50 فیصد اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “360 سروسز کے ذریعے ہم شفافیت، مؤثریت اور اختراع کو فروغ دے رہے ہیں، جو دبئی کو عالمی سطح پر کاروبار اور سیاحت کے لیے ایک مثالی مرکز بناتا ہے۔”
2021 میں آغاز کے بعد سے IID پلیٹ فارم دبئی کے کاروباری نظام کا اہم جزو بن چکا ہے۔ اس کے ذریعے اب تک 13 لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز ہو چکی ہیں، جب کہ 2.8 لاکھ سے زائد نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں آیا۔ کاروباری لائسنس کے اجرا میں چھ گنا اضافہ ہوا اور کارروائی کا وقت 14 دن سے کم ہو کر صرف ایک دن رہ گیا۔ صارفین کی اطمینان کی شرح 99 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اس پلیٹ فارم میں چیٹ بوٹس، خودکار اجازت نامے، اور کاروباری ناموں کی اے آئی بیسڈ ریزرویشن سسٹم شامل ہے۔ سرمایہ کار ویڈیو سپورٹ، سی آر ایم ٹولز اور ڈیجیٹل نالج بیس کے ذریعے بھی فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
متعدد سرکاری نمائندوں نے پلیٹ فارم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ متحدہ عرب امارات کے "زیرو گورنمنٹ بیوروکریسی پروگرام” کے عین مطابق ہے۔ وزارت خارجہ کے راشد نذر محمد رحمہ نے کہا کہ یہ انضمام "قونصلر خدمات کے عمل کو آسان بناتا ہے اور مہم ’UAE: Startup Capital of the World‘ کو تقویت دیتا ہے۔”
ڈی بی ایل سی نے اپ گریڈ شدہ پلیٹ فارم کو جائی ٹیکس گلوبل 2025 میں ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی کے پویلین میں پیش کیا، جہاں مصنوعی ذہانت پر مبنی کاروباری خدمات کے لائیو ڈیموز اور شراکتی سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔
یہ لانچ دبئی کے اس ہدف کو مزید مضبوط بناتا ہے کہ وہ ایک مکمل ڈیجیٹل، شفاف اور سرمایہ کار دوست معیشت کے طور پر دنیا میں اپنی قیادت برقرار رکھے۔







