
خلیج اردو
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ کسی نئے تنازع میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں اور تہران ہمیشہ امن کا حامی رہا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اگر عالمی برادری جنگ کے ذمہ دار عناصر پر توجہ نہیں دیتی تو اس کے نتیجے میں عالمی نظام اور سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں استحکام اور امن کیلئے ذمہ دارانہ عالمی کردار ضروری ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں کا تسلسل موجودہ علاقائی کشیدگی میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون اور رابطہ کاری کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔






