متحدہ عرب امارات

علاقائی کشیدگی کے اثرات، یو اے ای میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں عارضی اضافہ، وزارت معیشت نے مارکیٹ نگرانی سخت کر دی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں علاقائی کشیدگی کے باعث بعض سبزیوں کی قیمتوں میں عارضی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد وزارت معیشت نے مارکیٹ کی نگرانی مزید سخت کر دی ہے تاکہ غیر ضروری قیمتوں میں اضافے کو روکا جا سکے۔

حکام کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ایک رہائشی نے بتایا کہ ٹماٹر کی قیمت دس درہم فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ ہفتے پانچ درہم تھی، جبکہ پیاز کی قیمت چار درہم سے بڑھ کر سات درہم فی کلوگرام ہو گئی۔

وزارت معیشت نے وضاحت کی کہ خصوصی انسپکشن ٹیمیں ملک بھر میں روزانہ مارکیٹوں کا دورہ کر رہی ہیں اور اقتصادی ترقی کے محکموں کے ساتھ مل کر مشترکہ نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ بلاجواز قیمتوں میں اضافہ روکا جا سکے۔

حکام کے مطابق نو بنیادی اشیائے خورونوش ایسی ہیں جن کی قیمتیں حکومتی ضابطوں کے تحت مقرر ہیں، جن میں کوکنگ آئل، انڈے، ڈیری مصنوعات، چاول، چینی، پولٹری، دالیں، روٹی اور گندم شامل ہیں۔ ان اشیا کی قیمتیں وزارت کی منظوری کے بغیر نہیں بڑھائی جا سکتیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں ضروری اشیا کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے اور مقامی و بین الاقوامی ذرائع سے تازہ پھل اور سبزیاں منگوائی جا رہی ہیں تاکہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق علاقائی بحران کے باوجود حکومتی نگرانی اور متبادل سپلائی چینز کے باعث خوراک کی فراہمی برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button