visa

**امریکی ویزا معطلی: یو اے ای میں امریکی سفارتخانے کی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے مسافروں کے لیے وضاحت**

**ابوظہبی:**
فیفا ورلڈ کپ 2026، جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، کے حوالے سے امریکا کی جانب سے ویزا معطلی کی خبروں پر یو اے ای کے رہائشیوں میں خدشات پیدا ہو گئے تھے۔ تاہم امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ معطلی ورلڈ کپ کے لیے سفر کرنے والوں کو متاثر نہیں کرتی۔

امریکی حکومت کے مطابق ویزا معطلی کا اطلاق صرف امیگرنٹ ویزوں پر ہوتا ہے، جن کے ذریعے امریکا میں مستقل رہائش اختیار کی جاتی ہے۔ سیاحتی یا قلیل مدتی نان امیگرنٹ ویزے اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے گلف نیوز کو بتایا کہ یہ اقدام صرف امیگرنٹ ویزوں کے اجرا تک محدود ہے اور نان امیگرنٹ ویزوں، جن میں سیاح، کھلاڑی، ان کے اہل خانہ اور میڈیا نمائندوں کے ویزے شامل ہیں، پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا۔

اسی طرح بی ون/بی ٹو (B1/B2) سیاحتی ویزے بدستور جاری رہیں گے اور یو اے ای کے رہائشی، چاہے وہ ان ممالک سے تعلق رکھتے ہوں جو امیگرنٹ ویزا معطلی کی فہرست میں شامل ہیں، ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے امریکا کے سیاحتی ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

امریکی سفارتخانے نے اس سے قبل بھی واضح کیا تھا کہ ورلڈ کپ یا کسی بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے لیے کوئی علیحدہ یا خصوصی ویزا موجود نہیں ہے۔ شائقین کو عام بی ون/بی ٹو وزیٹر ویزا کے لیے ہی درخواست دینا ہوگی اور امریکی قوانین کے تحت اہلیت کے تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔

تاہم فیفا ورلڈ کپ کے ٹکٹ رکھنے والے شائقین کے لیے فیفا پرائرٹی اپائنٹمنٹ شیڈیولنگ سسٹم (PASS) کے تحت ویزا انٹرویو کے لیے ترجیحی سہولت دستیاب ہوگی، جس کے ذریعے انٹرویو کی تاریخ جلد حاصل کی جا سکتی ہے۔

فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کے لیے فروخت کے پہلے 24 گھنٹوں میں ہی 50 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جس سے ایونٹ کی عالمی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق امریکا کی جانب سے ویزا فیس میں اضافے اور امیگریشن جانچ کے سخت عمل کے باوجود یو اے ای سے سیاحتی ویزوں کی طلب برقرار ہے۔ ویزا سروسز ایجنسی کی چیف ایگزیکٹو اناستاسیا یانچینکو کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے قریب آتے ہی یو اے ای میں شائقین کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور بروقت منصوبہ بندی نہایت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے سیاحتی ویزوں کے لیے درخواستوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے جو افراد فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، انہیں جلد از جلد ویزا درخواست کا عمل شروع کرنا چاہیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button