عالمی خبریں

5 بچوں کا قتل ،بچوں کی گلا کاٹنے والی ماں نے 16 سال بعد موت کا انتخاب کرلیا

خلیج اردو

بیلجئیم :بیلجیئم میں 5 بچوں کا گلا کاٹنے والی ماں نے 16 سال بعد خود کے لیے بھی موت کا انتخاب کرلیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 57 سالہ خاتون نے 2007ء کو اپنے ایک بیٹے اور 4 بیٹیوں کو کچن میں موجود چھری سے گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا۔

میڈیا کے مطابق خاتون نے بچوں کو قتل کر کے خود پر چھری کا وار کر کے خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم ناکامی پر اس نے ایمرجنسی اہلکاروں کو مدد کے لیے طلب کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق خاتون نے گھریلو مسائل کے باعث بچوں کو قتل کر کے خودکشی کی کوشش کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ملزمہ کو 2008ء میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم 2019ء میں اسے نفسیاتی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق خاتون کی وکیل نکولس کوہن نے تصدیق کی ہے کہ قتل کی واردات کی 16ویں برسی کے دن خاتون نے خود کے لیے موت کا انتخاب کیا جس کے بعد اسے انجیکشن کے ذریعے مار دیا گیا۔

خاتون کی وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی موکل نے مختلف طبی مشوروں کے بعد مرنے کے حوالے سے مخصوص طریقہ کار اپنایا۔

ماہر نفسیات ایمیلی ماروئٹ کے مطابق خاتون نے 28 فروری کو علامتی اشارہ کر کے مرنے کا انتخاب کیا۔

رپورٹس کے مطابق بیلجیئم کا قانون ناقابل برداشت نفسیاتی، جسمانی، تکلیف دہ اور لاعلاج بیماری میں مبتلا افراد کو اجازت دیتا ہے کہ وہ انجیکشن کے ذریعے خود کی زندگی کا خاتمہ کرسکیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button