
خلیج اردو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ کی توانائی صورتحال اور خاص طور پر برطانیہ کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ شمالی سمندر میں موجود تیل کے بڑے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر برطانیہ تیل کی کھدائی میں اضافہ کرے تو ایبرڈین جیسے علاقے توانائی کے بڑے مراکز بن سکتے ہیں، تاہم موجودہ پالیسیوں کے باعث یہ اہم موقع ضائع ہو رہا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ناروے اسی خطے سے حاصل ہونے والا تیل برطانیہ کو زیادہ قیمت پر فروخت کر رہا ہے، جسے انہوں نے برطانوی معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔
امریکی صدر نے اپنی پوسٹ میں متبادل توانائی کے ذرائع، خصوصاً ونڈ ٹربائنز، پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان پر انحصار کم کیا جائے اور تیل و گیس کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ "مزید ونڈ ملز نہیں، بلکہ زیادہ سے زیادہ تیل اور گیس کی پیداوار ہونی چاہیے۔”
ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے بیانات عالمی توانائی پالیسیوں پر جاری بحث کو مزید تقویت دے سکتے ہیں، جہاں روایتی ایندھن اور قابلِ تجدید توانائی کے درمیان توازن ایک اہم موضوع بن چکا ہے۔







